پلوامہ (سید عادل مشتاق) : ضلع اننت ناگ میں ملی ٹنٹ حملے کے بعد کشمیر بھر میں سیکیورٹی کے مزید اور سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی ایجنسیز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، جبکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اضلاع میں چیکنگ اور تلاشی کی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔اہم شاہراہوں، داخلی اور خارجی راستوں، حساس مقامات، بازاروں اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے اور مشتبہ افراد کی شناخت بھی چیک کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں ناکہ بندیوں کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ادھر، جموں کشمیر پولیس نے سرینگر میں 700، بارہمولہ میں 178، بڈگام میں 200، جبکہ کشمیر کے یمین و یسار میں دو ہزار سے زائد مبینہ اوور گراؤنڈ ورکرز کو پوچھ تاچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
Comments