راجوری، جموں وکشمیر (جہانگیر خان)ضلع راجوری کے معروف روحانی مرکز شاہدرہ شریف میں حضرت بابا غلام شاہ بادشاہؒ کا سالانہ عرس مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جس میں جموں و کشمیر اور ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ عرس کے موقع پر زائرین نے درگاہ پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کے امن، خوشحالی اور بھائی چارے کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر مختلف مذہبی اجتماعات اور دعائیہ مجالس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ بی جے پی کے سینئر رہنما نے بھی درگاہ پر حاضری دی اور حضرت بابا غلام شاہ بادشاہؒ کے مزار پر چادر پیش کی۔ انہوں نے جموں و کشمیر سمیت پورے ملک میں امن، ترقی، خوشحالی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعا کی۔
اس موقع پر مذہبی رہنماؤں نے حضرت بابا غلام شاہ بادشاہؒ کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کا پیغام محبت، رواداری، اخوت اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ہے، جو آج بھی لوگوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ضلع انتظامیہ نے عرس کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے سکیورٹی، ٹریفک، صحت، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے تھے۔ عرس کی تقریبات کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا، جس میں عقیدت مندوں نے خطے اور ملک میں دائمی امن و استحکام کے لیے دعا کی۔
Comments