کراچی: قصباتی فیڈریشن سے منسلک دو معزز جماعتوں، کتیانہ ملک انجمن اور کتیانہ قاضی جماعت کے نوجوانوں کے مابین ایک شاندار اور یادگار نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ الفارق گراؤنڈ، ناظم آباد نمبر 3 میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس ایونٹ کے انعقاد میں ارسلان قاضی اور واجد ملک کی انتھک محنت، لگن اور بہترین انتظامات قابلِ تحسین رہے، جنہوں نے نوجوانوں کے لیے ایک مثبت اور صحت مند سرگرمی فراہم کی۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل قاضی مصطفیٰ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سمت دیتی ہیں بلکہ برادری میں اتحاد، بھائی چارہ اور باہمی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ قاضی مصطفیٰ نے جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کی جانب سے ٹورنامنٹ کے لیے 5 ہزار روپے کے فنڈ کا اعلان بھی کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ فیڈریشن ہمیشہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور تعمیری سرگرمیوں کی سرپرستی کرتی رہے گی۔ اس موقع پر دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں، جن میں جوناگڑھ مانگرول شیخ جماعت کے صدر ہاشم شیخ،
گجراتی فورم کے بانی ملک اسلم باپو،
قصباتی آرگنائزنگ کمیٹی کے سابق چیئرمین ملک شوکت اور کتیانہ قاضی جماعت کے اسپورٹس سیکریٹری قاضی عبدالعزیز شامل تھے۔ ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد برادری کے نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا، مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا اور باہمی روابط کو مستحکم کرنا تھا، جس میں منتظمین بھرپور حد تک کامیاب رہے۔ جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن اور قصباتی فیڈریشن کے ذمہ داران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ نئی نسل کو ایک بہتر، متحد اور مثبت ماحول فراہم کیا جا سکے۔
جاری کردہ: انفارمیشن سیکریٹری جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن
Comments