جموں، (محمد اشرف گنائی)سالانہ امرناتھ یاترا 2026 کے لیے رجسٹریشن کا عمل 15 اپریل سے باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ اس سال یاترا 3 جولائی 2026 سے آغاز ہو کر 28 اگست 2026 تک جاری رہے گی، جو کل 57 دنوں پر محیط ہوگی۔ یہ دورانیہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ طویل ہے۔ امرناتھ یاترا بھارت کی اہم ترین مذہبی زیارتوں میں شمار ہوتی ہے۔ جہاں لاکھوں عقیدت مند قدرتی طور پر بننے والے برفانی شیو لنگ کے درشن کے لیے دشوار گزار پہاڑی راستوں کا سفر کرتے ہیں۔ یاترا کے لیے رجسٹریشن آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے دستیاب ہوگی۔ زائرین شری امرناتھ شرائن بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، جب کہ ملک بھر میں قائم 550 سے زائد نامزد بینک شاخوں میں بھی یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ان بینکوں میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا، پنجاب نیشنل بینک، یس بینک، ایکسس بینک اور آئی سی آئی سی بینک شامل ہیں۔ زائرین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد رجسٹریشن مکمل کریں کیونکہ کسی مخصوص تاریخ کے لیے بکنگ سات دن پہلے بند کر دی جائے گی۔ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد زائرین کو ایک سسٹم سے جاری کردہ یاترا پرمٹ فراہم کیا جائے گا، جس میں تاریخ، منتخب راستہ اور داخلے کا وقت درج ہوگا۔ اس کے علاوہ اس سال ایک نئی سکیورٹی تدبیر کے تحت ہر زائر کو آر ایف آئی ڈی (RFID) کارڈ بھی جاری کیا جائے گا، تاکہ یاترا کے دوران ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔ انتظامیہ نے زائرین کو طبی معائنہ مکمل کرنے اور لازمی میڈیکل فارم جمع کروانے کی بھی ہدایت دی ہے تاکہ یاترا کو محفوظ اور منظم طریقے سے انجام دیا جا سکے۔
Comments