سرینگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران اعلان کیا کہ جموں سمیت کشمیر کے سرحدی علاقوں میں پاکستانی گولہ باری سے ہوئے نقصان کا تخمینہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور اس ضمن میں مرکزی حکومت کے اشتراک سے جلد ہی ایک امدادی (ریلیف) پیکیج کا اعلان کیا جائےگا۔عمر عبداللہ کے مطابق سرحد پر ہوئی پاکستانی گولہ باری سے ہوئے نقصان کا تخمینہ تقریبا مکمل ہے تاہم کچھ علاقوں نے ابھی تک نقصان کی رپورٹ ارسال نہیں کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے لیے اس معاملے پر مرکزی حکومت کے ساتھ مشاورت کرکے جلد ہی پیکیج کا اعلان کرے گی۔عمر نے کہا: ’’گولہ باری سے ہوئے نقصان کا تخمینہ تقریبا مکمل ہو گیا تاہم دو اضلاع کا ڈیٹا ابھی تک موصول نہیں ہوا ہے۔‘‘ عمر کا کہنا ہے کہ دو اضلاع کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے، جوں ہی وہ رپورٹ وصول ہوگی، بلا تاخیر مرکزی حکومت کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا جائے گا اور کم سے کم وقت میں ایک (ریلیف) پیکیج تیار کرنے کی کوشش کریں گے۔
Be the first to comment