Aalam Aur Aalim 65th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 3-6-2013
  • 11 years ago
Aalam Aur Aalim 65th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 3-6-2013

[جیوکے ”عالم اورعالم“ میں مریض بچوں کے معصومانہ جذبات، عامر لیاقت گھل مل گئے]

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جیو کے شہرہٴ آفاق پروگرام” عالَم اورعالِم“ کے میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کایہ طرہٴ امتیاز رہا ہے کہ وہ اپنے پروگرام کے توسط سے لوگوں کوحقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی کابھی درس دیتے ہیں اور ایسے اداروں اور افراد سے اپنے ناظرین کوآگاہ کرتے ہیں جورنگ ونسل سے بالاترہوکردن رات دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے کوشاں ہیں ۔اس سلسلے میں خدمت خلق میں مصروف المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ حاجی حنیف طیب کے خیالات اورعلمائے کرام کے تاثرات پرمبنی عالم اور عالم کا خصوصی پروگرام گزشتہ روز المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کراچی سے نشر کیاگیا جہاں میزبان کے ساتھ تھیلیسیمیا کے موذی مرض میں مبتلا بچوں کے معصومانہ گفتگوسن کر ناظرین آبدیدہ ہوگئے۔دکھی انسانیت کے لیے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ حاجی حنیف طیب کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈاکٹرعامرلیاقت حسین نے کہا کہ پاکستان میں بہت کم اسپتالوں میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے تبدیلی خون کی سہولت موجود ہے جن میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کانام نمایاں ہے اور اس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہاں علاج معالجے کی استطاعت نہ رکھنے والے نادار مریضوں کا مفت علاج بھی کیا جاتا ہے ۔تھیلیسیمیامیں مبتلا بچوں کی عیادت کے دوران ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اُن میں گھل مل گئے ۔ اپنی پسندیدہ شخصیت کو اپنے درمیان دیکھ کربچوں نے خوشی و مسرت کا اظہار کیا ،اُن سے اپنے معصومانہ جذبات بیان کیے اور اس امید کا اظہار بھی کیا کہ وہ جلد صحت یاب ہوکرگھر واپس جائیں گے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بچوں کے ساتھ مل کرنعتیں بھی پڑھیں اوراُن میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہناتھاکہ پرانا پاکستان بہت خوبصورت ہے اور سب کچھ تبدیل کرنے کانعرہ لگانے والے اسے مزید خوبصورت اور مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ٹرسٹ کے قیام اور اغراض و مقاصد پرگفتگوکرتے ہوئے ادارے کے سربراہ حاجی حنیف طیب نے کہا کہ ان کے آباوٴ اجداد بھی خدمت خلق پر یقین رکھتے تھے اور اسی روایت کوجاری رکھتے ہوئے انہوں نے یہ ادارہ قائم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مریض دعا دیتے ہیں تو تمام محنت وصول ہوجاتی ہے،اس موقع پرانہوں نے مخیر حضرات سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر اس کار خیر میں حصہ لیں اورقیمتی زندگیاں بچائیں۔میزبان سے گفتگوکے دوران تھیلیسیمیا یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر ثاقب انصاری کاکہناتھا کہ یہ ایک کہ آنے والی نسل کو محفوظ کرنا پوری قوم کی ذمے داری ہے۔شادی سے پہلے تھیلیسیمیا کے ٹیسٹ کے لیے حکومت سندھ کی قانون سازی پر انہوں نے اس کاشکریہ اداکیا۔جماعت اہل سنت سندھ کے نائب امیرعلامہ سید حمزہ علی قادری نے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے لیے اپنے نیک جذبات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق ایک صدقہ جاریہ ہے اور اس میں ہر ایک کو اپنی استطاعت کے مطابق حصہ لینا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ شادی سے پہلے تھیلیسیمیا کی تشخیص کے لیے بلڈٹیسٹ کروانا کوئی معیوب بات نہیں ہے اس کا مقصد اگلی نسل کو معذوری سے بچانا ہے ۔جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما قاضی احمد نورانی نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ ایک مہلک مرض کے تدارک کے لیے اس ادارے میں جو کوششیں کی جارہی ہیں وہ قابل ستائش ہیں اور ایک ایسے شہر میں جہاں زندگی چھین لی جاتی ہو وہاں زندگی بچانے کا کارِ مسیحائی انجام دینا کسی معجزے سے کم نہیں۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @AamirLiaquat
Recommended